رسائی کے لنکس

سلمان بٹ نے معطلی کے خلاف اپیل دائر کردی


سلمان بٹ نے معطلی کے خلاف اپیل دائر کردی
سلمان بٹ نے معطلی کے خلاف اپیل دائر کردی

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ نے میچ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام کے تحت کرکٹ کھیلنے پر عائد عارضی پابندی کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سامنے اپیل دائر کردی ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ نے بدھ کے روز ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ انہیں تنظیم کے فیصلے کے خلاف سلمان بٹ کی اپیل موصول ہوگئی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹس میں مہمان ٹیم کے تین کھلاڑیوں کپتان سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھےجس کے بعد آئی سی سی نے تحقیقات مکمل ہونے تک تینوں کھلاڑیوں کے ہر قسم کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم تینوں کھلاڑیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے الزامات کی تردید کی جاتی رہی ہے۔

پاکستان حالیہ دورے کے دوران کھیلی جانے والی تینوں ،ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز میں انگلینڈ سے شکست کھا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اپنی اپیل میں سلمان بٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک ان پر لگنے والی پابندی اٹھا کر انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔سلمان بٹ نے آئی سی سی سے انہیں ڈومیسٹک ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ آئندہ ماہ ہونے والی پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز میں شرکت کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔

پابندی کی زد میں آنے والے باقی دو پاکستانی کھلاڑیوں محمد آصف اور محمد عامر نے تاحال اپنے اوپر لگنے والی پابندی کے خلاف اپیلیں دائر نہیں کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG