رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل جمعرات کو، سخت پریکٹس جاری


پاکستان ٹیم پرتھ پہنچ چکی ہے اور پچھلے دو دنوں سے سخت پریکٹس کررہی ہے۔ ادھر پہلے ٹیسٹ میں زخمی ہوجانے والے کپتان اظہر علی بھی پریکٹس سیشن جوائن کرچکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں فتح سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور ٹیم جیت کا یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہے جبکہ شکست کے بعد آسٹریلیا پرتھ میں جمعرات کو ہونے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں اس کا بدلنا لینے کو پوری کوششوں میں ہے۔۔ اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

پاکستان ٹیم پرتھ پہنچ چکی ہے اور پچھلے دو دنوں سے سخت پریکٹس کررہی ہے۔ ادھر پہلے ٹیسٹ میں زخمی ہوجانے والے کپتان اظہر علی بھی پریکٹس سیشن جوائن کرچکے ہیں۔

ٹیم منیجر وسیم باری کا کہنا ہے کہ ’’ پلیئرز پرتھ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔‘‘

میڈیا نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر وسیم باری کا کہنا تھا ـ:

’’ اظہر علی کی کنڈیشن میں بہتری آئی ہے لیکن ہیمسٹرنگ انجری سےابھی وہ مکمل طور پر نجات حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ تیسرے ون ڈے میں ان کے حصہ لینے کا امکان کم ہے البتہ آخری دونوں میچز میں ان کی واپسی واضح طور پر نظر آرہی ہے۔‘‘

پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ برسبین میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92رنز اورمیلبورن میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6وکٹوں سے ہرایاتھا۔

ہار اور جیت کے مجموعی اعداد و شمار
پرتھ کے واکا گراؤنڈ پر پاکستان کی جیت اور شکست کے تناسب کو دیکھیں تو وہ ’ففٹی ففٹی ‘ہے ۔میزبان ٹیم نے اس گراؤنڈ پر اب تک 18 میچزکھیلے ہیں ۔ ان میں سے 9میں فتح سمیٹی اور نو ہی میچز میں اسے شکست کامنہ دیکھنا پڑا۔

مجموعی میچز کا جائزہ لیں تو دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 95میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں 32پاکستان نے جیتے جبکہ 59آسٹریلیا کے نام رہے۔

مچل مارش اور کرس لین کی عدم موجودگی
’ کینگروز‘ کو تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے مچل مارش اور کرس لین کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی،ابتدائی دومیچوں میں آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہنے والے آل راؤنڈر مچل مارش زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ان کی جگہ مارکس اسٹوئنز کھیلیں گے۔

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مچل مارش پاکستان کے خلاف سیریز کے باقی میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے،مکمل فٹنس کے ساتھ واپسی کے لیے انہیں بحالی اور آرام کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔

برسبین میں زخمی ہونے والےنوجوان بیٹسمین کرس لین گردن میں تکلیف کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ میں حصہ نہیں لیں گے، ان کی جگہ پیٹر ہینڈز کومب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

سرفراز احمد تینوں میچز سے دستبردار
دوسری جانب قومی ایک روزہ ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد والدہ کی علالت کے باعث آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز سے بھی دستبردار ہو گئے ہیں۔ان کی عدم موجودگی میں محمد رضوان ہی وکٹ کیپر رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG