رسائی کے لنکس

سڈنی ٹیسٹ میں بھی پاکستان کو شکست


کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل سیریز تھی، میلبورن ٹیسٹ کے آخری دن شکست سے ٹیم کا مورال گرا۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں 220 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ 1999 سے اب تک پاکستان کو آسٹریلیا میں مسلسل چوتھی بار وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل سیریز تھی، میلبورن ٹیسٹ کے آخری دن شکست سے ٹیم کا مورال گرا۔

سڈنی ٹیسٹ کے آخری دن پاکستان نے 55 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی، اظہر علی اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے ہیزل ووڈ کا شکار ہو گئے، وہ صرف گیارہ رنز ہی بنا سکے۔ بابر اعظم کو بھی ہیزل ووڈ نے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے صرف 9 رنز بنائے۔

پہلی اننگز میں شاندار 174 اسکور کرنے والے یونس خان دوسری اننگز میں متاثر کن بیٹنگ نہ کر سکے اور 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وہ صرف 23 رنز کے فرق سے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 10 ہزار رنز مکمل نہ کر سکے، اب انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے کیلئے اگلی ٹیسٹ سیریز تک انتظار کرنا ہو گا۔

کپتان مصباح الحق پوری سیریز کی طرح آج بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 38 رنز ہی بنا سکے، اسد شفیق نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

سرفراز احمد نے آسٹریلوی بولرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کی لیکن دوسرے اینڈ پر کسی نے بھی ان کا ساتھ نہ دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں اور465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سرفراز نے ناقابل شکست 72رنز بنائے۔

اس طرح آسٹریلیا نے پاکستان کو سڈنی ٹیسٹ میں 220 رنز سے شکست دے دی۔

ہیزل ووڈ اور اسٹیو او کوفی نے تین، تین، لائیون نے دو جبکہ مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ڈیوڈ وارنر کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ جبکہ کپتان اسٹیون اسمتھ کو میں آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

آخری اسکور یہ رہا۔ آسٹریلیا 538رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر اور 241 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ پاکستان 315 اور 244 رنز۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو برسبین ٹیسٹ میں 39 رنز جبکہ میلبورن ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 18رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اگلا ٹکراؤ 13 جنوری کو برسبین میں ہو گا جہاں پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG