پاکستانی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل محمد عالم خٹک کو وزارت دفاع کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
وہ گزشتہ ہفتے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری دفاع آصف یاسین ملک کی جگہ یہ عہدہ سنبھالیں گے۔
محمد عالم خٹک فوج میں کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں جن میں بحیثیت کور کمانڈر کوئٹہ اور فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ کے انسپکٹر جنرل کی خدمات بھی شامل ہیں۔
وہ گزشتہ سال فوج سے ریٹائر ہوئے تھے۔
دریں اثناء پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف پیر کو چار روزہ سرکاری دورے پر آسٹریلیا روانہ ہوگئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل راحیل کو اس دورے کی دعوت آسٹریلیا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے دی تھی۔
اس دورے میں پاکستانی فوج کے سربراہ آسٹریلیا کے اعلیٰ دفاعی اور فوجی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان سلامتی و دفاع سے متعلق گول میز مباحثےکی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔