رسائی کے لنکس

ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، پانچ عسکریت پسند ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں ایک کارروائی کے دوران 5 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی عہدے داروں نے میڈیا کو بتایا کہ یہ کارروائی بھمبور کے علاقے میں کی گئی۔ اس دوران 10 عسکریت پسند گرفتار کر کے بھاری مقدار میں گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔

پکڑے جانے والے ہتھیاروں میں طیارہ شکن اسلحہ، ٹینکوں کو تباہ کرنے والی بارودی سرنگیں اور دوسرے ہتھیار شامل ہیں۔

ایک سیکیورٹی عہدے دار نے، اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ ہلاک کیے جانے والے عسکریت پسند ڈیرہ بگٹی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ڈیرہ بگٹی ہی کے علاقے میں ہفتے ہی کے روز 20 عسکریت پسندوں نے ، جن میں ایک کمانڈر بوجلا بگٹی بھی شامل ہے، بھمبور میں ایک تقریب کے دوران سیکیورٹی فورسز کے سامنے اپنے ہتھیار ڈال دیے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی ، اعلی سیکیورٹی عہدے داراور سول انتظامیہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور بلوچستان کے عوام کی مدد سے ڈیرہ بگٹی میں امن لوٹ آیا ہے ۔

ہتھیار ڈالنے والے عسکریت پسندوں نے امن کے ساتھ زندگی گزارنے اور ملک کی ترقی اور امن کے فروغ کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG