رسائی کے لنکس

ایف 16 طیاروں پر بھارتی ردعمل سے مایوسی ہوئی: پاکستان


فائر
فائر

پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا ردِ عمل باعثِ حیرت ہے کیوں بھارت خود اسلحہ درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کا جنگی ساز و سامان کا ذخیرہ پاکستان سے کہیں زیادہ ہے۔

اسلام آباد نے نئی دہلی کی طرف سے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں کی مجوزہ امریکی فروخت کے متعلق بھارتی تشویش پر حیرت کے ساتھ ساتھ مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے ردعمل پر پاکستان کو مایوسی سے زیادہ حیرت ہوئی ہے جبکہ بھارت اسلحہ درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور اس کا جنگی سازوسامان کا ذخیرہ پاکستان کی نسبت بہت زیادہ ہے۔

رواں ہفتے امریکی انتظامیہ کی طرف سے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ امریکی دفاعی تعاون پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں میں معاون ہو گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو پوری دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے بقول جو ممالک اس مقصد میں پاکستان کے لیے تعاون کر رہے ہیں ان کی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔

بھارت نے امریکی حکومت کی طرف سے پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے فیصلے پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا تھا کہ اس کے خیال میں ان ہتھیاروں سے دہشت گردی کو ختم کرنے میں مدد نہیں ملے گی۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے نئی دہلی میں متعین امریکی سفیر رچرڈ ورما کو وزارت خارجہ طلب کر کے انہیں بھارتی تشیویش اور ناراضی سے آگاہ کیا۔

تجزیہ کار ظفر جسپال نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایف 16 طیارے ملنے کے بعد پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں یقیناً بہتری ہو گی تاہم بھارت پر یہ کسی طور پر اثر انداز نہیں ہو گی۔ ان کے بقول بھارت کا ردعمل مناسب نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس حوالے سے امریکہ کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

امریکہ نے پاکستان کو تقریباً ستر کروڑ ڈالر مالیت کے آٹھ ایف سولہ لڑاکا طیارے اور دیگر جدید فوجی سازو سامان فروخت کرنے کی منظوری دی تھی اور پینٹاگان کے مطابق "اسلحے کی اس مجوزہ فروخت سے پاکستان کے موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔"

XS
SM
MD
LG