رسائی کے لنکس

عید الفطر کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات


حالیہ ہفتوں میں شدت پسندوں کی طر ف سے تواتر کے ساتھ کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر، امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز عید الفطر کے موقع پر نماز عید کے اجتماعات کی حفاظت کے لیے بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس بنی امین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے تقریباًپانچ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ تمام مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں ۔

یہ حفاظتی انتظامات حالیہ دنوں میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعات کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔ گذشتہ 10 روز کے دوران لاہور، کوئٹہ ،کوہاٹ اور لکی مروت میں ہونے والے ہلاکت خیز حملوں میں کم ازکم 150 افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے تھے۔ طالبان عسکریت پسندوں نے مزید ایسے حملوں کی دھمکی دی ہے اور اُن کا الزام ہے کہ پاکستان نے امریکہ کو قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی ہے اوریہ کارروائیاں ڈرون حملوں کا ردعمل ہیں ۔

دریں اثناء صوبہ خیبر پختون خواہ میں پشاور سمیت بعض علاقوں میں جمعہ کے روز عید منائی گئی اور اس موقع پر بھی نمازیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG