رسائی کے لنکس

مسلم لیگ (ن) نے انتخابات کے نتائج مسترد کر دیے


شہباز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)
شہباز شریف، صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)

شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں کو خواجہ آصف، تہمینہ دولتانہ اور اپنی پارٹی کے کئی امیدواروں کے فارم 45 دکھائے جو نامکمل تھے۔

پاکستان مسلم لیگ نون نے 2018 کے عام انتخابات کو یکسر مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور بے ضابطگیاں ہوئی ہیں۔

پی ایم ایل این کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثر حلقوں میں ان کے امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیا گیا، نتائج روک لیے گئے اور ووٹوں کی گنتی ہمارے ایجنٹوں کی غیر موجودگی میں کی گئی۔ یہ چیزیں ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی سخت گرمی کے باوجود پولنگ اسٹیشنوں ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں لیکن جب پولنگ ختم ہوئی تو میں نے بہت پریشان کن صورت حال دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کھلم کھلا دھاندلی کی گئی جس کی نظیر پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو فارم 45 نہیں دیے گئے۔ ہمیں ملک بھر سے شکایات مل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ سینٹرل کمیٹی کا اجلاس بلا کر صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے میڈیا کے نمائندوں کو خواجہ آصف، تہمینہ دولتانہ اور اپنی پارٹی کے کئی امیدواروں کے فارم 45 دکھائے جو نامکمل تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں چاہے وہ کچھ بھی ہو۔ لیکن انہوں نے شکایت کی کہ عوام کا مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا جو ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین انتخابات تھے۔ پہلے مرحلے میں الیکشن سے قبل دھاندلی کی گئی اور پھر سب ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی گئی اور درخواست کے باوجود پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیا گیا اور پھر جب ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی تو ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال دیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دوسری کئی جماعتوں نے بھی ووٹوں کی گنتی کے وقت اپنے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکالنے اور الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں۔

پاکستان الیکشن کمیشن نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG