رسائی کے لنکس

'رانگ نمبر 2‘ اور 'چھلاوا' کا باکس آفس پر راج


رانگ نمبر 2
رانگ نمبر 2

عید کے موقع پر شائقین جن دو پاکستانی فلموں کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے وہ آئیں اور باکس آفس پر چھا گئیں۔ ہم بات کر رہے ہیں 'رانگ نمبر 2' اور’چھلاوا' کی۔

فلم کی ڈسٹری بیوشن کمپنی کے مطابق، عید پر نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم 'رانگ نمبر 2' نے چھ دنوں میں بارہ کروڑ کا بزنس کر ڈالا۔

باکس آفس پر مقابلے کی اس دوڑ میں شریک دوسری فلم ’چھلاوا‘ بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

دونوں فلموں کی مجموعی آمدنی تقریباً دو سو ملین روپے سے زیادہ رہی۔

باکس آفس کے ان کلکشنز پر تمام اسٹیک ہولڈرز خوشگوار حیرت کا اظہار کر رہے ہیں، کیونکہ بھارتی فلموں پر پابندی نے سینما بزنس پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔ اس کے باوجود فلم کی اچھی کمائی حیران کن ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق ’رانگ نمبر 2‘ کا بزنس 110 ملین روپے سے زیادہ رہا جب کہ ’چھلاوا‘ بھی اب تک 90 ملین روپے کا بزنس کر چکی ہے۔

’رانگ نمبر 2‘ ریلیز کرنے والے ایور ریڈی گروپ نے تو اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کی۔ لیکن، 'چھلاوا' کے ڈسٹری بیوٹر ’ڈسٹری بیوشن کلب‘ کے سی اِی او نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فلم باکس آفس پر دیگر فلموں سے آگے ہے۔

پاکستان فلم ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری اعجاز کا کہنا ہے کہ دونوں فلموں کو پبلک کا زبردست رپسپانس ملا ہے۔ عید پر ان دونوں فلموں کے اچھے بزنس نے امید دلائی ہے کہ پاکستانی فلمیں انٹرنیشنل مارکیٹ میں بھی اچھا بزنس کریں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف اردو فلموں نے ہی نہیں بلکہ پنجابی فلم ’شریکے دی آگ‘ نے بھی اچھا بزنس کیا جس کی خوشی ہے۔

عید کے موقع پر مجموعی طور پر آٹھ فلمیں ریلیز کی گئی تھیں جن میں دو اردو، ایک پنجابی اور تین پشتو فلمیں شامل تھیں۔

ہالی وڈ کی تین فلمیں 'الہ دین'، 'ایکس مین ڈارک فینکس' اور 'گوڈزیلا کنگ آف مونسٹرز' بھی سینما گھروں کی زینت بنیں۔ لیکن، ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق، اصل مقابلہ ’رانگ نمبر 2‘ اور ’چھلاوا‘ کے درمیان رہا۔

XS
SM
MD
LG