رسائی کے لنکس

شرمین عبید چنائے کی بچوں کے حقوق سے متعلق فلم ریلیز


خواتین اور بچوں کے مسائل کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے حوالے سے، آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے خاصی شہرت رکھتی ہیں۔

اپنی اسی انفرادیت کو آگے بڑھاتے ہوئے شرمین عبید چنائے کی فلم اکیڈمی (ایس او سی) نے بچوں کے حقوق سے متعلق تعلیمی ویڈیوز کے سلسلے کی دوسری اینیمیٹڈ فلم ریلیز کر دی ہے۔

سیریز کی پہلی شارٹ اینیمیٹڈ فلم ’چھینا ہوا بچپن‘ پچھلے ماہ ریلیز ہوئی تھی جو امیر گھرانے میں تشدد کا نشانہ بننے والی ایک کم سن بچی کی سچی کہانی تھی۔

آگہی یا تعلیمی نکتہ نظر سے بننے والی ان ویڈیوز کا موضوع بچوں پر تشدد، ان کی اسمگلنگ اور ان سے جبری مشقت لینے کے معاملات ہیں۔

دوسری شارٹ فلم کا نام ’اقبال مسیح کا بچپن‘ ہے۔ یہ فلم بھی پہلی شارٹ فلم کی طرح حقیقی واقعے پر مبنی ہے۔

’اقبال مسیح کا بچپن‘ پنجاب کے شہر مریدکے کے رہائشی ایک بچے کی سچی کہانی ہے جسے والد قرض اتارنے کے لئے قالین کی فیکٹری مالکان کے حوالے کر دیتا ہے، جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس دوران اقبال کو کہیں سے پتا چلتا ہے کہ عدالت نے بچوں کی ملازمت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فیکٹری مالکان کو بچوں کے والدین کو قرض نہ دینے کی ہدایت دی ہے۔

تشدد کا شکار اقبال اس قانون کے بعد جب تھانے پہنچ کر اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی روداد سناتا ہے تو پولیس اس کی شکایت سننے کے بجائے فیکٹری مالکان سے رشوت لے کر اقبال کو دوبارہ ان کے حوالے کر دیتی ہے۔

اقبال پھر بھی ہمت نہیں ہارتا۔ اس بار وہ فیکٹری سے بھاگ کر بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیم کے پاس پہنچتا ہے، جو اسے تحفظ فراہم کرتی ہے اور تعلیم کا بندوبست کرتی ہے۔

شرمین عبید چنائے نے ایس او سی فلمز کے بینر تلے خواتین کے حقوق سے آگہی کے لئے مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت 14 اینیمیٹڈ ویڈیوز ریلیز کی گئی تھیں۔ دو سے تین منٹ دورانیے پر مشتمل ان ویڈیوز میں ان قوانین کے بارے میں بتایا گیا تھا جو خواتین کے لئے اہم ہیں اور جن کے سبب خواتین قانونی حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ناانصافی سے بچ سکتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG