رسائی کے لنکس

پاکستانی فضائیہ کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کا امریکی عزم


یو ایس ائیر فورس کے لیفٹیننٹ جنرل مائیک ہوسٹیج F-16 طیاروں کو پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کے موقع پرائیر مارشل محمد حسن کو دستاویزات پیش کرتے ہوئے
یو ایس ائیر فورس کے لیفٹیننٹ جنرل مائیک ہوسٹیج F-16 طیاروں کو پاک فضائیہ کے حوالے کرنے کے موقع پرائیر مارشل محمد حسن کو دستاویزات پیش کرتے ہوئے

امریکہ پاک فضائیہ میں پہلے سے موجود 45 ایف سولہ طیاروں کو جدید آلات سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے حصول اور پاک فضائیہ کے عملے کی تربیت میں تعاون کرتا رہے گا۔

امریکہ کی طرف سے پاکستان کو ملنے والے تین نئے ایف سولہ طیاروں کو پاکستانی فضائیہ میں شامل کرنے کی خصوصی تقریب اتوار کو جیکب آباد میں قائم شہباز ایئر بیس پر منعقد کی گئی جس میں امریکی ائیر فورس کے چیف آف سٹاف جنرل نارٹن اے شوارز اور سفیر این پیٹرسن نے بھی شرکت کی۔

پاکستانی فضائیہ کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کا امریکی عزم
پاکستانی فضائیہ کی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کا امریکی عزم

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل شوارز نے کہا کہ یہ جہاز پاکستانی افواج کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ اور ملک میں انتہا پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں موثر ہتھیار ثابت ہوں گے۔

امریکی سفیر پیٹرسن نے اپنے خطاب میں پاکستان میں جاری شدت پسندی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردارکو سراہا اور اس کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جدید لڑاکا طیاروں کی پاکستان کو فراہمی دونوں ممالک کے درمیان وسیع شراکت داری کی ایک علامت ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ پاک فضائیہ میں پہلے سے موجود 45 ایف سولہ طیاروں کو جدید آلات سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے حصول اور پاک فضائیہ کے عملے کی تربیت میں تعاون کرتا رہے گا۔

امریکی ائر فورس کے سربراہ جنرل شوارز نے پی اے ایف ہیڈ کوارٹر میں قائم شہداء کی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی
امریکی ائر فورس کے سربراہ جنرل شوارز نے پی اے ایف ہیڈ کوارٹر میں قائم شہداء کی یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی

امریکی سفیر نے ایف سولہ طیاروں کو انتہائی غیر معمولی جہاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کو اْن عناصرسے محفوظ رکھنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں جو اِن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔انھوں نے جیکب آباد میں سرکاری ہسپتال کے لیے مشینوں اور دیگر آلات کی فراہمی کا اعلان بھی کیا ہے جب کہ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی آنے والے دنوں میں ہسپتال کی تعمیر نو اور شہر میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام شروع کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان کا کہنا تھا کہ ہر طرح کے موسم میں اپنے ہدف کو دن یا رات میں ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے ان طیاروں کے ذریعے پاک فضائیہ کو اپنے مشن کے حصول میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

ائیر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کا مشن خطے میں عزت کے ساتھ امن قائم رکھنا ہے۔ ان کے بقول اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو پاک فضائیہ تمام دستیاب وسائل،بشمول نئے ایف سولہ طیاروں، کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے استعمال کرے گی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گذشتہ چند ماہ میں شدت پسندوں کے خلاف ایف سولہ طیاروں کے موثر استعمال نے ان خیالات کی نفی کر دی ہے کہ ان جہازوں کا انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کو جدید لڑاکا طیارے دینے کے امریکی فیصلہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان یہ جہاز صرف اپنی عسکری قوت بڑھانے کے لیے حاصل کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG