رسائی کے لنکس

شاہ محمود قریشی کرونا وائرس میں مبتلا


پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو بتایا ہے کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ حال میں انھوں نے اعلیٰ سطح کی کئی ملاقاتیں کی تھیں جن میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد سے ملاقات بھی شامل تھی۔

شاہ محمود قریشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر بتایا کہ جمعہ کی سہہ پہر انھیں ہلکا بخار محسوس ہوا جس کے بعد انھوں نے گھر پر تنہائی اختیار کرلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو صحت مند محسوس کررہے ہیں اور گھر سے کام جاری رکھیں گے۔

بدھ کو شاہ محمود قریشی نے کابینہ اجلاس میں شرکت کی تھی جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران پارلیمنٹ آتے جاتے رہے اور وزیراعظم عمران خان سے رابطے میں رہے۔

امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی شاہ محمود قریشی سے بدھ کو ملے تھے۔ وہ افغان امن عمل سے متعلق گفتگو کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔ اس ملاقات کے بعد جاری کی گئی تصاویر میں شاہ محمود قریشی اور دوسرے افراد فیس ماسک پہنے دیکھے جاسکتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے 2 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 4451 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ملک میں ٹیسٹ کم کیے جانے کے باوجود روزانہ لگ بھگ چار ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں۔

پاکستان کے متعدد اعلیٰ حکام وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں وفاقی وزیر شیخ رشید اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG