رسائی کے لنکس

پاکستانی سیکرٹری خارجہ کا آئندہ ہفتے دورہ امریکہ متوقع


پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ متوقع ہے۔

اگرچہ وزارت خارجہ کی طرف سے دورے کی تاریخوں کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا لیکن ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق تہمینہ جنجوعہ 6 سے 8 مارچ تک امریکہ کے دورے پر ہوں گی جہاں امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ان کی ملاقاتیں طے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے ہی امریکی صدر کی نائب معاون اور نیشنل سیکیورٹی کونسل کی سینئر ڈائریکٹر برائے جنوبی و وسطی ایشیا لیزا کرٹس نے پاکستان کا دور روز دورہ کیا تھا۔

لیزا کرٹس نے پاکستانی حکام سے ملاقاتوں میں کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کی جانب گامزن ہونا چاہتا ہے۔

جب کہ رواں ہفتے ہی امریکی سینٹرل کمان کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے ایوان نمائندگان میں ایک سماعت کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان سے بعض مثبت اشارے مل رہے ہیں، تاہم اُنھوں نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردی سے متعلق اسلام آباد کی پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسے اشارے ضرور ملے ہیں کہ پاکستان اپنی حدود میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے متعلق امریکی تحفظات دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے حوالے سے امریکی عہدیداروں کے ان بیانات کو تجزیہ کار اہم قرار دے رہے ہیں۔

تجزیہ کار طلعت وزارت نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک اختلافات کو کم کریں۔

’’دونوں ممالک یہ کر سکتے ہیں یہ اختلافات مستقبل میں زیادہ نہ بڑھیں اور کوئی مزید دورے جانے کی نوبت نہیں آئے ۔۔۔۔ تو میرے خیال میں دونوں ممالک کی کوشش یہ ہونی چاہیئے کہ صورت حال بد سے بدتر نہیں ہو لیکن اس سے زیادہ اُمید کرنا میرے خیال میں ممکن نہ ہو۔‘‘

اُن کا کہنا تھا کہ ایک دورے یا ایسے رابطوں سے انسداد دہشت گردی کے معاملے پر اختلافات مکمل طور پر تو ختم نہیں ہو سکتے البتہ ایک دوسرے کا موقف سمجھنے میں بہتری ضرور آ سکتی ہے۔

پاکستانی عہدیدار یہ کہتے رہے کہ وہ باہمی احترام کی بنیاد پر امریکہ سے تعلقات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG