پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے حکام نے کہا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے چار مشتبہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ضلع خانیوال کے علاقے جہانیہ میں لگ بھگ آٹھ مشتبہ دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشتبہ افراد کو ہتھیار پھینکنے کے لیے کہا لیکن حکام کے بقول مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس اہلکاروں نے بھی اس پر جوابی فائرنگ کی اور جھڑپ کے دوران مشتبہ افراد میں سے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
حکام کے بقول تین مشتبہ دہشت گردوں کی لاشیں مکان کے اندر سے برآمد ہوئیں جب کہ ایک کی لاش احاطے کے باہر سے ملی اور مبینہ طور پر یہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تھا۔
دیگر چار مشتبہ افراد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کو جائے وقوع سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں بارودی مواد بھی ملا ہے۔
ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے معاونین کے خلاف رواں سال فروری سے 'ردالفساد' کے عنوان سے سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں جس میں اب تک درجنوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا بتایا ہے۔