رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں 1671 پاکستانی سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں: وزارتِ دفاع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کل 1671 پاکستانی عسکری اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ ان میں سے 912 سعودی وزارتِ دفاع جب کہ 759 وزارتِ داخلہ کے تحت فرائض انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارتِ دفاع کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک تعینات پاکستانی عسکری و سکیورٹی اہلکاروں کی سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہے۔

قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے ایک جواب میں وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کل 1671 پاکستانی عسکری اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ ان میں سے 912 سعودی وزارتِ دفاع جب کہ 759 وزارتِ داخلہ کے تحت فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ان اہلکاروں میں 1395 فوج، 164 بحریہ اور 112 فضائیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

وزارت کے مطابق یہ اہلکار باہمی سمجھوتوں اور معاہدوں کے تحت سعودی عرب میں تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے تحت امن مشنز میں فرائض انجام دینے والے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

سعودی عرب کے علاوہ 629 پاکستانی سکیورٹی اہلکار قطر جب کہ 66 متحدہ عرب امارات میں تعینات ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہی فوج کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ مزید فوجی سعودی عرب بھیج رہی ہے جس پر حکومت کو قانون ساز حلقوں کی طرف سے سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

وزیرِ دفاع خرم دستگیر نے سینیٹ میں اس بارے میں اٹھائے جانے والے اعتراضات اور تحفظات کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایوان کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی فوجی کسی بھی بیرونی تنازع میں ملوث نہیں ہوں گے۔

حزبِ اختلاف کی جماعتیں ان خدشات کا اظہار کرتی آئی ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا سعودی عرب میں فوج بھیجنا پڑوسی ملک ایران کی ناراضی کا باعث بنے گا۔

تاہم حکام ان خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے آئے ہیں کہ پاکستان کا کردار غیرجانبدارانہ ہے اور وہ کسی بھی طور خطے میں جاری کشیدگی میں فریق نہیں بنے گا۔

XS
SM
MD
LG