رسائی کے لنکس

بھارتی فورسز کی 'بلا اشتعال' فائرنگ سے چار پاکستانی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سرحدوں پر ایسے واقعات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا جس پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ بھارت فورسز کی طرف سے "بلا اشتعال" فائرنگ و گولہ باری سے چار پاکستانی شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ظفروال سیکٹر میں بھارت کی بارڈر سکیورٹی فورسز نے شہری آبادی پر فائرنگ کی جس سے ایک خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں بورچک کا 18 سالہ نوجوان عظیم اور شخمل نامی دیہات میں ایک خاتون شامل ہیں۔

مزید برآں شکر گڑھ سیکٹر کے مختلف علاقوں میں سرحد پار فورسز کی فائرنگ سے بھی دو افراد ہلاک ہوئے۔

بھارت کی طرف سے ان واقعات پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر حالیہ دنوں میں ایک بار پھر فائربندی کی خلاف ورزی میں پہل کے الزامات میں تیزی آئی ہے جب کہ گزشتہ ہفتے ایسے ہی واقعات میں دونوں جانب تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت سات افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

2003ء میں دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے درمیان سرحد پر فائربندی کا معاہدہ ہوا تھا لیکن اس کے باجود اکثر یہاں فائرنگ و گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہا ہے جس میں 2013ء سے شدت دیکھنے میں آ چکی ہے۔

سرحدوں پر ایسے واقعات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا جس پر امریکہ نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے ایک روز قبل ہی پاک بھارت سرحد پر تازہ تناؤ کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ دونوں ملک مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں گے۔

XS
SM
MD
LG