رسائی کے لنکس

ورکنگ باؤنڈری پر مبینہ بھارتی فائرنگ، دو پاکستانی خواتین ہلاک


فائرنگ کے اس تازہ واقعے کے متعلق بھارت کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ورکنگ باؤنڈی پر سیالکوٹ سیکٹر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی مبینہ بلا اشتعال فائرنگ سے دو پاکستانی خواتین ہلاک جب کہ پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔

جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ورکنگ باؤنڈری پر چپراڑ اور کندن پور نامی دیہات کی آبادی پر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز نے بھارتی سرحدی فورس (بی ایس ایف) کی اُن چوکیوں کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی کی جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔

فائرنگ کے اس تازہ واقعے کے متعلق بھارت کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں متنازع علاقے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ سے چار پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستانی فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں تین بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔

لیکن بھارت کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائرنگ میں پہل پاکستان کی طرف سے کی گئی تھی اور جوابی کارروائی میں بھارت نے سات پاکستانی فوجیوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر فائربندی کا معاہدہ 2003ء میں ہوا تھا لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان فائرنگ و گولہ باری کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔

گزشتہ لگ بھگ دو برسوں کے دوران ان واقعات میں قابلِ ذکر اضافہ ہوا ہے اور اس میں دونوں جانب سکیورٹی فورسز کے علاوہ عام شہریوں کا بھی خاصا جانی نقصان ہو چکا ہے۔

دونوں ملک فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی میں پہل کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔

پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق رواں سال کے پہلے مہینے سے اب تک بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی 100 سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔

جب کہ گزشتہ سال 1900 سے زائد مرتبہ بھارتی فورسز کی جانب سے مبینہ طور پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔

XS
SM
MD
LG