رسائی کے لنکس

بھارت کے سیکرٹری خارجہ تین مارچ کو پاکستان آئیں گے


وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے دفتر سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایس جے شنکر تین مارچ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے دفتر سے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ ایس جے شنکر تین مارچ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

بیان کے مطابق ایس جے شنکر پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے بات چیت کریں گے۔ تاہم دونوں ملکوں کے اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان بات چیت کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 13 فروری کو پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطے کر کے اُنھیں بتایا تھا کہ نئے بھارتی سیکرٹری خارجہ پاکستان سمیت تمام سارک ممالک کا دورہ کریں گے۔

بھارت کے سیکرٹری خارجہ کے اس طے شدہ دورے کو جنوبی ایشیا کے دو بڑے ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کی جانب ایک پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ سال اگست میں بھارت نے دونوں ملکوں کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح کے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات یکطرفہ طور پر منسوخ کر دیے تھے، جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں تناؤ دیکھا گیا۔

پاکستان کا یہ موقف رہا ہے کہ وہ بھارت سے باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستانی عہدیداروں کے بقول مذاکرات بھارت نے منسوخ کیے اور اُسے ہی دوبارہ ان کی بحالی کے لیے پہل کرنا ہو گی۔

پاکستانی عہدیداروں نے بھارت کی طرف سے اپنے سیکرٹری خارجہ کو اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا تھا کہ بھارت کے ساتھ غیر رسمی سفارتکاری کا سلسلہ تو چلا آ رہا ہے لیکن یہ باقاعدہ اور براہ راست مذاکرات کا نعم البدل نہیں ہوسکتی۔

XS
SM
MD
LG