رسائی کے لنکس

کراچی میں پولیس اہلکاروں پر حملے، ایک اہلکار ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق کراچی میں تبت سینٹر کے قریب موجود پولیس اہلکاروں کی گشتی گاڑی پر کریکر بم پھینکا گیا، لیکن پولیس کی گاڑی اس میں محفوظ رہی تاہم قریب سے گزرنے والے راہ گیر اس کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں دو مختلف مقامات پر پولیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک اہلکار ہلاک جب کہ چند دیگر افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق کراچی میں تبت سینٹر کے قریب موجود پولیس اہلکاروں کی گشتی گاڑی پر کریکر بم پھینکا گیا، لیکن پولیس کی گاڑی اس میں محفوظ رہی تاہم قریب سے گزرنے والے راہ گیر اس کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔

دوسرا واقعہ لائینز ایریا میں پیش آیا جہاں پولیس اہلکاروں پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا اور دو زخمی ہو گئے۔

کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے کہا کہ اس طرح سے حملے کر کے پولیس کے حوصلے اور عزم کو پسپا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لیکن اُن کے بقول شرپسند عناصر اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پولیس پرعزم ہے۔

کراچی میں پولیس کو تواتر سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور رواں سال کئی اہم پولیس افسر اور اہلکار ایسے حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے ہی پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی کے دورے کے دوران کہا تھا کہ شہر میں شر پسند عناصر کے خلاف شروع کیے ’ٹارگیٹڈ آپریشن‘ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں تاہم اُن کے بقول صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم بھی جلد کراچی کا دورہ کریں گے۔

گزشتہ سال ستمبر میں کراچی میں رینجرز کی قیادت میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG