رسائی کے لنکس

بھتہ خوری کے خلاف کراچی میں مکمل ہڑتال


پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی کی تاجر برادری نے بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف ہفتہ کو شہر بھر میں مکمل ہڑتال کر رکھی ہے۔

تمام کاروباری مراکز کے علاوہ تعلیمی ادارے بھی بند ہیں جب کہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ بھی غائب ہے۔ پٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے بھی تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پمپس بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع بالخصوص حیدرآباد اور سکھر میں بھی ہڑتال کی گئی۔

کراچی کی سب سے با اثر سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور دیگر سماجی تنظمیوں نے بھی اس احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے سندھ بھر میں کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔

جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر شہر بھر سے تاجروں کی نمائندہ تنظیموں اور ایم کیو ایم نے بھتہ خوری کے خلاف شدید احتجاج کیا تھا۔

اس احتجاج کے بعد سندھ وزیر داخلہ منظور وسان نےکہا تھا کہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے اور شکایات پر بعض ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف ایم کیو ایم کے شدید احتجاج کے بعد جمعہ کی شب صدر آصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انھیں یقین دلایا کہ تاجروں کی شکایات کو دور کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG