رسائی کے لنکس

کشمیر: تعمیراتی منصوبے پر حادثہ، چینی انجینئر سمیت چار افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اس منصوبے کی سکیورٹی پر مامور پولیس افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایک زیر تعمیر ڈیم کی دیوار کے لیے اسٹیل کا ایک جال تیار کیا جا رہا تھا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں نیلم جہلم ہائیڈل پاور منصوبے کے تعمیراتی مقام پر ایک حادثے میں ایک چینی انجینیئر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ مظفر آباد سے 40 کلومیٹر دور شمال میں نوسیری کے مقام پر بدھ کی صبح پیش آیا۔

اس منصوبے کی سکیورٹی پر مامور پولیس افسر چوہدری مشاق نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب زیر تعمیر ڈیم کی دیوار کے لیے اسٹیل کا ایک جال تیار کیا جا رہا تھا کہ یہ اچانک گر گیا اور اس کی زد میں چھ افراد آ گئے۔

ایس پی چوہدری مشاق کے مطابق ایک چینی انجینیئر اور تین مقامی کارکن موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پاکستان نے ایک ہزار میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈل پاور منصوبے کی تعمیر کا آغاز 2008ء میں کیا تھا۔

چین کی کئی کمپنیاں پاکستان میں توانائی سمیت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں اور ان کے سینکڑوں چینی ماہرین اور کارکن بھی ان پر کام کر رہے ہیں۔

پاکستان میں صنعتی شعبوں میں حفاظتی اقدامات پر مناسب عمل نہ کرنے کہ وجہ سے حادثے معمول کی بات ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی اس طرح کے حادثوں سے بچا جا سکتا ہے۔

XS
SM
MD
LG