رسائی کے لنکس

جان کیری کا نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ


وزیراعظم نواز شریف نے جان کیری کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکہ سے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

امریکی وزیرخارجہ جان کیری کا وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلی فون پر رابطہ، مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ملک کے درمیان تواتر سے اعلٰی سطحی رابطے ضروری ہیں.

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابط کر کے اُنھیں وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ جان کیری نے دیرپا علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کے عزم کو دہرایا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے وزیراعظم نواز شریف کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کی نو منتخب جمہوری حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے جان کیری کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکہ سے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

نواز شریف نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاک امریکہ طویل المدت شراکت داری کے اسٹرایٹیجک ڈائیلاگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اُنھوں نے کہا کہ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تواتر سے اعلٰی سطحی رابطے بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے علاقائی صورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ جان کیری نے خطے کے موجودہ حالات کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے علاقے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق توقع ہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری رواں ماہ کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کا دورہ کریں گے اور اس بارے میں حتمی تاریخوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

11 مئی کے انتخابات کے بعد پاکستان میں انتقام اقتدار کا عمل مکمل ہونے کے بعد یہ کسی بھی اعلٰی امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ ہوگا۔
XS
SM
MD
LG