رسائی کے لنکس

'داتا دربار کا خودکش حملہ آور افغان تھا،' سہولت کار گرفتار


محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے داتا دربار خودکش حملے کے ایک مبینہ سہولت کار کی گرفتاری اور مبینہ خودکش حملہ آور کی شناخت کا دعوٰی کیا ہے۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مبینہ سہولت کار محسن خان کو لاہور میں بھاٹی گیٹ کے علاقے سے پکڑا گیا۔ اس کا تعلق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے ہے۔

پنجاب پولیس کے ادارے انسداد دہشت گردی کے ایک بیان کے مطابق انھوں نے گزشتہ رات پنجاب پولیس اور انٹیلی جینس بیورو کی مدد سے اندرون لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ کے محلہ جلوتیاں میں کارروائی کی۔ جس میں 8 مئی کو داتا دربار کے گیٹ نمبر تین پر خودکش حملہ کرنے والے کی شناخت صادق اللہ مہمند کے نام سے ہوئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ خود کش حملہ آور افغانستان کا رہائشی تھا جو افغان پاسپورٹ پر باقاعدہ ویزہ لے کر 6 مئی کو طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صادق اللہ کو طیب اللہ راکی نامی شخص نے طورخم بارڈر سے لاہور پہنچایا۔ جہاں دونوں نے 7 مئی کو مبینہ سہولت کار محسن خان اور نور زیب کے گھر پر قیام کیا۔

طیب اللہ، مہمند ایجنسی کا رہائشی جب کہ محسن خان ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

خود کش حملہ آور اور ہينڈلر نے سہولت کار محسن خان کے پاس رات گزاری اور 8 مئی کو خودکش حملہ آور نے داتا دربار کے قریب کھڑی ایلیٹ فورس کی گاڑی کے پاس جا کر خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہینڈلر طیب اللہ راکی مبینہ خود کش حملہ آور صادق اللہ کو داتا دربار کے داخلی راستے تک لایا۔

سی ٹی ڈی حکام یہ دعوٰی کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کے مبینہ ہینڈلر اور مبینہ سولت کار ماہ رمضان میں ایک اور خود کش حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کے مطابق گرفتار مبینہ سہولت کاروں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ اور دیگر مواد برآمد کر لیا ہے اور مزيد تفتيش جاري ہے۔

پنجاب کے صوبائی درالحکومت لاہور میں 8 مئی کو مشہور صوفی بزرگ داتا گنج بخش کے مزار کے گیٹ نمبر تین کے پاس کھڑی ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس کے پانچ اہل کاروں سمیت 12 افراد ہلاک جب کہ 30 کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے قبول کی تھی۔

XS
SM
MD
LG