رسائی کے لنکس

کیا یہ نئے پاکستان کی پولیس ہے؟ چیف جسٹس کا استفسار


فائل
فائل

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے قبضہ گروپ، 'منشا بم' کےخلاف از خود نوٹس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے 'منشا بم' سے واگزار کرائی گئی زمین کو متاثرین کو واپس نہ کرنے کے معاملے پر پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ڈی آئی جی پولیس آپریشن وقاص نذیر کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔

چیف جسٹس نے پوچھا: “کیا کہ یہ ہے نئے پاکستان کی پولیس؟ شرم آنی چاہیے پولیس کو۔ گالیاں بھی کھاتے ہیں اور بدمعاشوں کی طرف داری بھی کرتے ہیں۔ ایک 'منشا بم' پولیس سے قابو میں نہیں آ رہا۔ آپ بدمعاشوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ یہ قانون کی رکھوالی کر رہے ہیں آپ؟

ڈی آئی جی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ 'منشا بم' اور خادم حسین رضوی کو پولیس نے ہی اٹھایا ہے۔ پولیس عدالتی حکم پر من و عن عمل درآمد کر رہی ہے۔

جس پر، چیف جسٹس نے کہا کہ 'منشا بم' کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔ اُس نے خود سپریم کورٹ میں گرفتاری دی تھی۔ جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب سے مکالمہ کیا کہ ''وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ وہ بلا امتیاز کارروائی کرکے زمینیں چھڑائیں گے۔ آپ نے دو دن آپریشن کیا پھر چپ کرکے بیٹھ گئے۔ آپ کے ڈی آئی جی کہتے ہیں متاثرین سے متعلق کوئی رپورٹ پیش نہیں ہوئی۔ آپ کے ڈی آئی جی کیوں منشا بم کو بچا رہے ہیں''۔
چیف جسٹس کے حکم پر منشا بم کو جیل سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پیش کیا گیا۔ منشا بم نے عدالت میں ہاتھ جوڑ کر روتے ہوئے رحم کی اپیل کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ''اُس وقت رونا یاد نہیں آیا جب لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے تھے؟ تمہیں خوف خدا نہیں۔ کیا مرنا یاد نہیں ہے؟''

ملزم منشا بم نے عدالت میں کہا کہ اُس نے کسی کی زمین پر قبضہ نہیں کیا۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے منشا بم کیس کے مدعی محمود کی شکایت پر سمندر پار پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کرنے والے سول جج کو تبدیل کر دیا اور ڈی سی لاہور کو حکم دیا کہ آج رات بارہ بجے تک زمین متعلقہ لوگوں کو دے کر رپورٹ پیش کریں۔

منشا بم اور اس کے بیٹوں پر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں زمینوں پر غیرقانونی قبضے کا الزام ہے اور اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک عام شہری کی جانب سے درخواست بھی دائر کی گئی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ پولیس منشا کو پکڑنے میں ناکام رہی اور منشا بم نے خود گرفتاری دی تھی۔

XS
SM
MD
LG