رسائی کے لنکس

وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم اپنے عہدے سے مستعفی


پاکستان کے وفاقی وزیرِ قانون بیرسٹر فروغ نسیم اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم عمران خان کو ارسال کیا۔

وفاقی وزیرِ قانون جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وفاق کی نمائندگی کریں گے جس کے لیے انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کے کہنے پر استعفیٰ دیا ہے اور وزیرِ اعظم نے میرا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔ میں جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں وفاق کی نمائندگی کروں گا۔

واضح رہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ کیس کی سماعت دو جون بروز منگل کو ہو گی۔

فروغ نسیم نے مزید کہا کہ میرے کیس لڑنے کے دوران وزارتِ قانون کا قلم دان وزیرِ اعظم کے پاس ہی رہے گا۔ وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔

فروغ نسیم نے گزشتہ سال نومبر میں بھی اپنی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔ وہ فوج کے سربراہ کی مدّت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر آرمی چیف کے وکیل کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ بعد ازاں فروغ نسیم کو دوبارہ وزیر قانون کا عہدہ دے دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG