رسائی کے لنکس

ٹی 20 سیریز: پاکستان ویمن ٹیم کا بنگلہ دیش کے خلاف کلین سوئپ


پاکستان نے تیسرے میچ میں مہمان ٹیم کو 28 رنز سے شکست دی۔
پاکستان نے تیسرے میچ میں مہمان ٹیم کو 28 رنز سے شکست دی۔

پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے مہمان بنگلہ دیش کی ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بدھ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 8 وکٹوں پر 89 رنز ہی بنا سکی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے نگار سلطانہ 30 اور فرغانہ حق 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جب کہ چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکیں۔

پاکستان کی طرف سے صبا نذیر اور انعم امین نے دو دو جب کہ ڈیانا بیگ اور کائنات امتیاز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو میزبان ٹیم کی طرف سے ​جویریہ خان نے 48 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جب کہ عمیمہ سہیل 31 رنز بناسکیں۔ دیگر آؤٹ ہونے والی 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکیں۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر جویریہ خان کو ​'وومن آف دی میچ' اور سیریز میں بہترین کارکردگی پر بنگلہ دیشی کھلاڑی جہاں آرا عالم 'وومن آف دی سیریز' قرار پائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان دو ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے میچ قذافی اسٹیڈیم میں دو اور چار نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG