رسائی کے لنکس

پاکستانی فوج، فضائیہ میں ڈرونز کی شمولیت


بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے سائنس دانوں اور انجینیئرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان طیاروں کی مدد سے مسلح افواج کی اپنے اہداف کی نشان دہی کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

پاکستان نے اپنی بری فوج اور فضائیہ میں بغیر ہواباز کے پرواز کرنے والے طیاروں کو شامل کر لیا ہے۔

بری فوج اور فضائیہ کے اثاثوں میں شامل کیا گیا یہ پہلا بیڑا مقامی سطح پر تیار کردہ براق اور شہپر نامی بغیر ہواباز کے پرواز کرنے والے طیاروں (یو اے ویز) پر مشتمل ہے۔

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان میں ان طیاروں کی شمولیت کو ’تاریخی‘ پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے مسلح افواج کے اثاثوں میں نہایت موثر صلاحیت کا اضافہ ہو گیا ہے۔

اس بیڑے کی بری اور فضائی افواج میں شمولیت کی تقریب میں فوج کے سربران جنرل اشفاق پرویز کیانی، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ، اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل خالد احمد قدوائی کے علاوہ سائنس دانوں اور انجینیئرز نے بھی شرکت کی۔

(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بیان کے مطابق جنرل کیانی نے قومی ادارے نیشنل انجینیئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن کے سائنس دانوں اور انجینیئرز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان طیاروں کی مدد سے مسلح افواج کی اپنے اہداف کی نشان دہی کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ مستقبل میں ان طیاروں کو سماجی و اقتصادی ترقی سے متعلق منصوبوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا جنرل کیانی نے پیر کو اسلام آباد میں پاکستان فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرکے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے الوداعی ملاقات کی۔

پاکستان فضائیہ کے بیان کے مطابق ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے جنرل کیانی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جنرل کیانی چھ برس تک بری افواج کے سپہ سالار رہنے کے بعد 29 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ حکومت نے تاحال یہ اعلان نہیں کیا ہے کہ اُن کی گجہ یہ عہدہ کون سمنبھالے گا۔
XS
SM
MD
LG