رسائی کے لنکس

پاکستان میں ووٹروں کا قومی دن


الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ملک بھر میں ڈویژن اور ضلعے کی سطح پر بھی قومی ووٹر ڈے سے متعلق تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔

پاکستان میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس حق کو استعمال کرنے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان 7 دسمبر کو ملک بھر میں ’’قومی ووٹر ڈے‘‘ منا رہا ہے۔

اس سلسلے میں مرکزی تقریب جمعرات کو ایوانِ صدر میں ہوئی جس کے علاوہ چاروں صوبوں میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے مرکزی تقریب سے خطاب میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے زیرِ اہتمام ایک موبائل فون اپیلیکشن کا افتتاح بھی ہوا ہے جس کی مدد سے پاکستان کا ہر ووٹر اپنے ووٹ سے متعلق تمام تر تفصیلات سے آگاہ ہو سکے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ انتخابی نظام میں بہتری اور شفافیت کے لیے ’’بائیو میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ جیسے تجربات بھی کیے جا چکے ہیں جو اس شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیں گے۔‘‘

الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت کی بعض شاہراہوں پر تشہیری مہم بھی چلائی ہے تاکہ عوام کو ووٹ کی اہمیت کا احساس اور اپنی قومی ذمہ داری سے آگاہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ملک بھر میں ڈویژن اور ضلعے کی سطح پر بھی قومی ووٹر ڈے سے متعلق تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے بیان کے مطابق عام انتخابات 2018ء کی آمد کے سلسلے میں قومی ووٹر ڈے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے اسی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس مہم میں الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیں۔

اُنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شخص ووٹ کے حق کے استعمال کو یقینی بنائے کیوں کہ ان کے بقول ’’یہ وقت کا تقاضا ہے اور اسی سے ہمارا مستقل جڑا ہوا ہے۔‘‘

رواں ماہ ہی الیکشن کمیشن نے خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد ایک کروڑ سے زائد خواتین کو ووٹر فہرستوں میں شامل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG