رسائی کے لنکس

خود مختاری کیلئے بیرونی امداد پر انحصار نہیں کرنا چاہیے ، نواز شریف


خود مختاری کیلئے بیرونی امداد پر انحصار نہیں کرنا چاہیے ، نواز شریف
خود مختاری کیلئے بیرونی امداد پر انحصار نہیں کرنا چاہیے ، نواز شریف

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری کیلئے ہمیں دوسرے ممالک کی امداد پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، پاکستان تنہائی کاشکار ہورہاہے، اس سے پہلے کہ کوئی ہماری امداد بند کرے ہمیں خود ہی امداد لینے سے انکار کر دینا چاہیے۔

پیر کو دورہ کراچی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ موجودہ صورتحال اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ ہمیں تابعداری کی ذہنیت سے باہر آنا ہو گا ۔انہوں نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر حکومت وقت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا واضح کر چکا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والوں کے لواحقین کو دیت کی رقم اس نے ادا نہیں کی جس کا مطلب یہ ہے کہ اسے رقم پاکستان ہی سے دی گئی ہے،غیروں سے شکوہ ضرورکریں لیکن ہمیں اپنے گریبان میں بھی جھانکنا ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل شجاع پاشا یہ بتا چکے ہیں کہ ریمنڈ ڈیوس کو صدر اور وزیر اعظم کے حکم پر رہا کیا گیا ۔انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن افواج پاکستان کے خلاف بیان بازی نہیں کر رہی تاہم کوئی ادارہ یا شخصیت بھی قانون سے بالاتر نہیں ۔

انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیسے ممکن ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کا پاسپورٹ پنجاب حکومت کے پاس ہے اور وہ رہا ہو کر ملک سے چلے گئے ؟ نواز شریف نے کہا کہ ایبٹ آباد واقعہ سے متعلق جلد کمیشن تشکیل دینا چاہیے۔

اس سے قبل نواز شریف کے دورہ کراچی کے وقت اس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی نجی ہوٹل میں ان کے پہنچنے پر کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہو گئی اور انہوں نے ہوٹل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر انتظامیہ اور مسلم لیگ نواز کے کارکنان کے درمیان دھکم پیل میں ہوٹل کے دروازوں ار کھڑکیوں کو نقصان پہنچا جس کے بعد انتظامیہ نے مزید نفری طلب کرنا پڑا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی سندھ آمد کے موقع پر سیکورٹی کی ذمہ داری پنجاب ایلیٹ فورس کو سونپی گئی اور سندھ پولیس کو بیک پر رہنے کی ہدایت تھی ۔

XS
SM
MD
LG