رسائی کے لنکس

مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ مستعفی


ناصر خان جنجوعہ (فائل فوٹو)
ناصر خان جنجوعہ (فائل فوٹو)

قومی سلامتی کے مشیر مقرر ہونے سے قبل ناصر جنجوعہ پاکستانی فوج میں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے اور ریٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈر سدرن کمانڈ (کوئٹہ) تعینات تھے۔

پاکستان میں قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ناصر جنجوعہ نے اپنا استعفیٰ نگران وزیرِ اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو بھیجا جنہوں نے ان کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔

ناصر جنجوعہ نے اپنے استعفے میں ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید کام کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔

لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو 2015ء میں اس وقت کی مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا تھا۔

بعد ازاں 2016ء میں اس وقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے ناصر جنجوعہ کو انسدادِ دہشت گردی کے لیے وضع کردہ 'نیشنل ایکشن پلان' پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کا سربراہ بھی مقرر کیا تھا۔

قومی سلامتی کے مشیر مقرر ہونے سے قبل ناصر جنجوعہ پاکستانی فوج میں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے اور ریٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈر سدرن کمانڈ (کوئٹہ) تعینات تھے۔

بدھ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفت گو کرتے ہوئے ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ انہوں نے نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے اور اس لیے اب اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ نگران حکومت نے انہیں کچھ ذمہ داریاں سونپی تھیں اور ان ذمہ داریوں کو مکمل کرنے کے بعد عہدے پر رہنے کا جواز نہیں تھا۔

ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ منتخب حکومت کی مدت مکمل ہونے کے بعد ان کا مستعفی ہونا ضروری تھا۔

دوسری جانب نگران وزیرِ اعظم جسٹس (ر) ناصر المل نے اپنی نگران وفاقی کابینہ میں مزید دو وزرا شامل کیے ہیں۔

نامزد وزرا لیفٹننٹ جنرل (ر) خالد نعیم لودھی اور میاں مصباح الرحمن سے صدر ممنون حسین نے بدھ کو ان کی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔ دونوں وزرا کے محکموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG