رسائی کے لنکس

ہمارے مخالفین الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں: وزیراعظم عباسی


وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی (فائل فوٹو)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قبل از وقت انتخابات کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

ہفتہ کو جھنگ میں بجلی کی پیداوار کے ایک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ صرف ان کی جماعت مسلم لیگ ن وہ واحد پارٹی ہے جو انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتی ہے۔

انھوں نے دیگر سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات سے قبل ضروری نئی حلقہ بندیوں کی قانون سازی میں تعاون کریں اور ان کے بقول اگر انتخابات میں تاخیر ہوتی ہے تو اس کا فائدہ غیر جمہوری عناصر کو ہو گا۔

"ضرورت اس بات کی ہے کہ سب مل کر کوشش کریں کہ ملک میں جمہوریت آگے بڑھے آج اگر سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت پر شب خون مارنا چاہیں تو میں ان کا کیا کر سکتا ہوں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جو بل سینیٹ میں ایا ہے اس کو پاس کریں تاکہ مقرر وقت پر الیکشن کمیشن انتخابات کروا سکے۔ انتخابات نہیں ہوں گے تو ہر قسم کی قوتوں کو موقع مل سکتا ہے ملک میں انتشار پیدا ہو۔"

حزب مخالف کی دوسری بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کرتی آ رہی ہے جب کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق مسودہ قانون قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد ایوان بالا میں التوا کا شکار ہے جہاں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے اور وہ یہ کہہ چکی ہے کہ اپنے تحفظات دور کیے جانے تک وہ اس بل پر حکومت کی حمایت نہیں کرے گی۔

تازہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ضروری ہیں لیکن پیپلزپارٹی سمیت بعض دیگر جماعتوں کو اس مردم شماری کے سامنے آنے والے عبوری نتائج پر تحفظات ہیں۔

ادھر حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے حزب مخالف کی سیاسی جماعتوں کے آپس میں رابطوں میں بھی تیزی آئی ہے لیکن حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد کی خبروں پر کہنا تھا کہ "ایسے اتحاد والے صفر جمع صفر ہیں جس کا نتیجہ صفر ہوتا ہے وہ ایک نہیں بن سکتا" اور ان کے بقول ایسے اتحادوں کی ضرورت نہیں کیونکہ حکومت جون میں مدت پوری کرے گی اور پھر انتخابات ہوں گے جس میں ملک کے عوام فیصلہ کریں گے۔

XS
SM
MD
LG