رسائی کے لنکس

ہری پور: بھارت نواز نعرہ لکھنے پر ایک شخص گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ابتدائی معلومات کے مطابق 20 سالہ ملزم ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے اور وہ بھارتی فلموں کا بے انتہا شوقین ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیس نے ایک شخص کو اپنے گھر کی دیوار پر بھارت نواز نعرہ تحریر کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔

ضلع ہری پور پولیس نے اس گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ملزم کو پیر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ مکھن کالونی میں ایک گھر کی دیوار پر "بھارت زندہ باد" کا نعرہ لکھا ہوا ہے جس پر کارروائی کی گئی۔

پولیس کے مطابق جب گھر والوں سے اس بابت پوچھا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ نعرہ مبینہ طور پر اسی گھر میں مقیم ساجد شاہ نامی شخص نے لکھا ہے۔

پولیس نے ساجد شاہ کو گرفتار کر کے اس کے خلاف دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس دفعہ کے تحت ملزم کو سات سال تک قید کی سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق 20 سالہ ملزم ایک فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے اور وہ بھارتی فلموں کا بے انتہا شوقین ہے۔

پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں لیکن ان دونوں کے درمیان شروع ہی سے تعلقات اتار چڑھاؤ کا شکار رہے ہیں جن میں کشیدگی کا عنصر غالب رہا ہے۔

دونوں ملکوں میں روایتی حریف کے حق میں نعرے بازی کو ریاست مخالف تصور کیا جاتا ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں مخالف ملک کی کھلے عام تعریف یا اس کے حق میں نعرے بازی پر لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

رواں سال جون میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی پولیس نے 15 مسلمان شہریوں کو اس بنا پر گرفتار کیا تھا انھوں نے چیمیپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی فتح پر جشن منایا تھا۔

ان کے خلاف بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن بعد ازاں یہ الزام واپس لے لیا گیا تھا۔

گزشتہ سال کے اوائل میں پاکستانی پولیس نے ضلع اوکاڑہ کے ایک گاؤں سے ایک نوجوان کو اس وقت گرفتار کیا تھا جب اس نے اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرایا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ نوجوان بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اپنے محبوب کھلاڑی کی شاندار کارکردگی پر اس نے اپنے گھر پر بھارتی پرچم لہرا دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG