رسائی کے لنکس

سینیٹ انتخابات سے جمہوری عمل کی ترویج ہوئی ہے


وزیراعظم گیلانی سینیٹ اجلاس میں خطاب کررہے ہیں (فائل فوٹو)
وزیراعظم گیلانی سینیٹ اجلاس میں خطاب کررہے ہیں (فائل فوٹو)

جمعہ کو پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کےہونے والے انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس جماعت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ میں سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے جمہوری عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار اور بھی موثر انداز میں ادا کرے گی۔

سینیٹ کی 104 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو 65 نشستیں مل چکی ہیں اور اس جماعت کو جیتنے والے آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وعدے کے مطابق سینیٹ انتخابات وقت پر کرادیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اداروں کے استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود میں یقین رکھتی ہے اور ان کے بقول آئندہ بجٹ میں ان کی حکومت عوام کو ریلیف دینے پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

مسلم لیگ ن سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس اگرچہ نسبتاً کم نشستیں ہیں تاہم مبصرین کہتے ہیں کہ جمعہ کو ہونے والے انتخابات مجموعی طور پر ملکی سیاست کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہیں۔

قانون سازی کی ترقی اور تربیت کے ادارے پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا ’’ اس الیکشن سے پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل، جو بار بار متاثر ہوتا رہا ہے، وہ آگے بڑھا ہے اور اس سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔‘‘

پنجاب میں پیپلز پارٹی کے صدارتی کوآرڈینیٹر نوید چوہدری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے ملک میں جمہوریت کو مزید ترویج حاصل ہوگی اور ایوان بالا میں واضح اکثریت کی بدولت ان کی جماعت آنے والے دنوں میں قانون سازی میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

سینیٹ انتخابات میں مسلم لیگ ن دوسری بڑی جماعت کے طورپر سامنے آئی ہے اور اس کے عہدیدار بھی جمہوریت کے تسلسل کے حوالے سے ان انتخابات کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG