رسائی کے لنکس

عدالت عظمٰی کا سرگودھا کے اسپتال میں بچوں کی اموات کا نوٹس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

متاثرہ خاندانوں کا الزام ہے کہ اسپتال میں ناکافی سہولتیں اُن کے بچوں کی اموات کی وجہ بنیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ملک کی عدالت عظمٰی نے بھی ان نوازئیدہ بچوں کی ہلاکتوں کا بدھ کو نوٹس لیا اور پنجاب حکومت کو حکم دیا کہ اس بارے میں آئندہ دو روز میں عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔

متاثرہ خاندانوں کا الزام ہے کہ اسپتال میں ناکافی سہولتیں اُن کے بچوں کی اموات کی وجہ بنیں۔

تاہم سرگودھا ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ہلاک ہونے بچوں میں سے اکثریت اُن کی تھی جن کی پیدائش مقررہ مدت سے پہلے ہوئی اور ان کا وزن بھی پیدائش کے وقت کم تھا۔

’’اسپتال میں اکثریت ان بچوں کی لائی جا رہی ہے جو شدید علیل ہوتے ہیں اور یہ مقررہ وقت سے پہلے پیدا ہوئے اور ان کا وزن بھی کم تھا ۔۔۔۔۔ ایسے بچے نمونیے کا جلد شکار ہو جاتے ہیں جس سے انفیکشن ان کے جسم میں پھیل جاتا ہے جو ان کی اموات کی وجہ بنتی ہے۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ سرگودھا ٹیچنگ اسپتال اس علاقے کا بڑا سرکاری اسپتال ہے، لیکن وہاں پیچیدہ بیماریوں کے شکار بچوں کے لیے آلات کی کمی ہے۔ اُن کے بقول بعض اوقات دو سے تین بچوں کو بھی ایک ’انکیوبیٹر‘ میں رکھا جاتا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان بچوں کی اموات میں عملے کی غفلت سامنے نہیں آئی اور اسپتال انتظامیہ نے دستیاب وسائل کے تحت ان بچوں کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

پنجاب حکومت کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کہتے ہیں کہ سرگودھا کے اسپتال میں دیگر اضلاع سے بھی ڈاکٹر بجھوائے گئے ہیں۔

’’اس وقت باہر سے سینیئر پروفیسر اور ڈاکٹر وہاں کام کر رہے ہیں اور صورت حال معمول کے مطابق ہے۔ جو بچے تشویشناک حالت میں لائے جاتے ہیں ڈاکٹروں اور نرسوں کی کوشش کے باوجود بدقسمتی سے ان کی اموات ہو جاتی ہیں لیکن ایک دوسرا پہلو بھی ہے کہ کئی گنا بچے صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے جاتے ہیں۔‘‘

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال ’یونیسف‘ کے مطابق پاکستان میں ہر سال لگ بھگ ساڑھے سات لاکھ بچوں کی پیدائش قبل از وقت ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان کا وزن کم رہ جاتا ہے اور ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

پاکستان میں اس سے قبل کئی اسپتالوں میں ضروری آلات کی کمی اور مناسب توجہ نا ملنے کے باعث بچوں کی اموات رپورٹ ہوتی رہی ہیں۔ سرگودھا میں بچوں کی اموات پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف بھی انکوائری کا حکم دے چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG