رسائی کے لنکس

سگریٹ نوشی کی روک تھام کے لیے ’سِن ٹیکس‘ عائد کرنے کی تجویز


وفاقی وزیر نے کہا کہ سگریٹ اور تمباکو کی مصنوعات پر عائد ہونے والے اس ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کو نوجوانوں کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا

پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں تمباکو نوشی روکنے کے لیے خصوصی ٹیکس لگانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ’نیشنل ہیلتھ سروسز‘، عامر محمود خان نے صحت کے عنوان پر کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’تمباکو سے بنی مصنوعات کا استعمال کم کرنے کے لیے یہ ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’سِن ٹیکس‘ لگانے کے لیے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی اور اس سلسے میں قومی اسمبلی سے ترمیمی بل منظور کروایا جائے گا۔

یاد رہے کہ ٹیکسوں کی شرح میں ردوبدل کے لیے مالیاتی قانون 2018-2019 میں ترمیم کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سگریٹ اور تمباکو کی مصنوعات پر عائد ہونے والے اس ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کو نوجوانوں کی بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام پاکستانیوں کو مکمل ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں اس ٹیکس سے آمدن میسر آ سکتی ہے۔

اس سے قبل بھی کئی ممالک نے سگریٹ نوشی اور تمباکو کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اس نوعیت کے ٹیکس عائد کیے ہیں۔

  • 16x9 Image

    سارہ حسن

    سارہ حسن ملٹی میڈیا صحافی ہیں اور ان دنوں وائس آف امریکہ اردو کے لئے اسلام آباد سے ان پٹ ایڈیٹر اور کنٹری کوآرڈینیٹر پاکستان کے طور پر کام کر رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG