رسائی کے لنکس

زیارت ریزیڈنسی کی تعمیر نو مکمل


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اس تاریخی عمارت کو گزشتہ سال جون میں عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے تباہ کر دیا تھا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح سے منسوب زیارت ریزیڈنسی کا تعمیر نو اور بحالی کے بعد جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف نے افتتاح کیا۔

اس تاریخی عمارت کو گزشتہ سال جون میں عسکریت پسندوں نے حملہ کر کے تباہ کر دیا تھا۔

قومی ورثے میں شمار ہونے والی اس عمارت کی تباہی پر ملک بھر میں احتجاج دیکھنے میں آیا جب کہ وفاقی و صوبائی حکومت نے زیارت ریذیڈنسی کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کرنے کا منصوبہ بنایا۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایک سال سے بھی کم مدت میں اس عمارت کی بحالی و تعمیر نو مکمل ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی دہائیاں درکار نہیں ہوں گی۔

"پاکستان پر امن ہو خوشحال ہو غریب لوگ بھی خوشحال ہوں۔ یہاں پر جہالت کا خاتمہ کیا جا سکے، بیماری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے اور یہ سب ممکن ہے کوئی مشکل نہیں ہے صرف اپنے ایجنڈے کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، اپنے بروگرام کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، اپنے نظریے کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔"

بلوچستان تقریباً ایک دہائی سے شورش پسندی کا شکار رہا ہے جہاں کئی علیحدگی پسند تنظمیں صوبے کے وسائل اور اختیارات میں زیادہ حصے کے لیے مسلح کارروائیاں کرتی آ رہی ہیں۔

تاہم گزشتہ سال عام انتخابات کے بعد بننے والی نئی صوبائی حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جس کی بدولت گزشتہ برسوں کی نسبت صورتحال میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ناراض بلوچ رہنماؤں سے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششیں شروع کی تھیں لیکن تاحال ان کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے ہیں۔

زیارت ریذیڈنسی 122 سال پرانی عمارت تھی اور قائد اعظم نے اپنے انتقال سے قبل کچھ عرصہ یہاں قیام کیا تھا جس بنا پر اسے قومی ورثے کا درجہ حاصل ہے۔

اس کی تعمیر نو اور اصل شکل میں بحالی کا منصوبہ معروف ماہر تعمیرات نیر علی دادا کی سربراہی میں مکمل ہوا۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی یہاں موجود تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق زیارت ریذیڈنسی کا افتتاح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

XS
SM
MD
LG