رسائی کے لنکس

قرآ ن جلانے کی امریکی پادری کی دھمکی قابل مذمت


قرآ ن جلانے کی امریکی پادری کی دھمکی قابل مذمت
قرآ ن جلانے کی امریکی پادری کی دھمکی قابل مذمت

پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک چھوٹے چرچ کی طرف سے گیار ہ ستمبر کے موقع پر احتجاجاََقرآن کو نذرآتش کرنے کی دھمکی انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور دنیا کا کوئی بھی مذہب اس کی اجاز ت نہیں دیتا۔

صدر زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس قابل نفرت منصوبے سے مسلمان دنیا کے جذبات بھڑکیں گے جن سے بین المذاہب ہم آہنگی اور دنیا کے امن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ صدرزرداری نے کہا ہے کہ احساس سے عاری اس فعل کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

عبدالباسط (فائل فوٹو)
عبدالباسط (فائل فوٹو)

جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے ایک ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر کیے جانے والے ایسے عمل کے خلاف اسلامی دنیا کا متفقہ ردعمل تیار کرنے کے لیے پاکستان اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی میں شامل ملکوں اور تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے قریبی رابطے میں ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان کو اطمینان ہے کہ عالمی برادری بشمول امریکہ نے اس منصوبے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا ہے کہ امریکی پادری ٹیر ی جونز اور اُن کا پچاس رکنی چرچ قرآن کو نذر آتش کرنے کا فیصلہ واپس لے لیں گے۔

عبدالباسط نے کہا کہ 11 ستمبر2001 ء کو ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششیں کو فلوریڈا کا یہ چر چ نقصا ن پہنچانا چاہتا ہے۔ تاہم پاکستانی ترجمان نے کہا کہ قرآن کو نذر آتش کرنے کے مذموم منصوبے کا مسلمانوں کو پرامن رہ کرمقابلہ کرنا چاہیئے ۔

پاکستان میں حکام ، علمائے دین اور غیر جانبدار سیاسی تجزیہ کاروں نے بھی قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا سکتا ہے جس سے خاص طور پر امریکہ او رپاکستان کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن
امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن

امریکی انتظامیہ نے بھی قرآن نذر آتش کرنے کے منصوبے کی شدید مذمت اور مخالفت کی ہے۔ بقول وزیر خارجہ ہلر ی کلنٹن کے یہ ایک” گستاخانہ اور باعث شرم فعل “ ہے ۔ افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے امریکی کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا ہے کہ اگر ٹیری جونز نے اپنے منصوبے پرعمل درآمد کیا تو اس سے بیرون ملک مقیم امریکیوں کی زندگیا ں خطرے میں پڑ سکتی ہیں جبکہ طالبان ا سے اپنے پر اپیگنڈہ کے لیے استعمال کریں گے ۔

XS
SM
MD
LG