رسائی کے لنکس

پاکستان: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ


پاکستان میں وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں اس ماہ ساڑھے 4 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اختیار رکھنے والے ادارے ’اوگرا‘ کے مطابق، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا اور اس بار ساڑھے 4 روپے فی لیٹر تک اضافہ سامنے آیا ہے۔

حکومت نے پیٹرول 4 روپے 26 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 50 پیسے، مٹی کا تیل 1 روپے 69 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل ایک روپے 68 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا ہے۔

اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت108.42 سے بڑھ کر 112.68 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 86.94 سے بڑھ کر 94.49 روپے، جبکہ لائٹ ڈیزل86.94 سے بڑھ کر 88.62 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہے جو 122.32 سے بڑھ کر اب 126.82 روپے فی لیٹر ہوگیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق، اضافہ کی گئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے کر دیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے 29 مئی 2019 کو ارسال کردہ سمری میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے پچاس پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل گیارہ روپے پچاس پیسے، جب کہ لائٹ ڈیزل سات روپے پچاسی پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

پاکستان میں موجودہ حکومت کے دور میں مشکل اقتصادی صورتحال کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، گذشتہ سال وزیر اعظم عمران خان نے اگست کے مہینے میں جب وزارت عظمیٰ سنبھالی۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت 95.24 جبکہ ڈیزل کی قیمت 112.94 روپے فی لیٹر تھی جس میں اب کافی اضافہ ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ ’’عید سے کچھ دن پہلے پیڑول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’جب ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا جائے گا تو ہر روز عوام کو آئی ایم ایف کی طرف سے تحفہ ملے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’نالائق اور نااہل وزیر اعظم کا بوجھ 22 کروڑ عوام کو اُٹھانا پڑ رہا ہے‘‘۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی نفیسہ شاہ نے کہا کہ ’’پٹرول کی قیمت میں اضافہ رات کی تاریکی میں عوام کی جیب پر ڈاکا ہے۔ اس وقت عوام کا خون نچوڑ کر حکومت چلاٸی جا رہی ہے‘‘۔

انہوں نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ ’’عوام کی عید کی خوشیوں پر شب خون کے مترادف‘‘ قرار دیا؛ اور کہا کہ ’’عمران خان نے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے‘‘۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’جب سعودی عرب سے اس وقت ادھار پر پٹرول مل رہا ہے تو عوام کو ریلیف کیوں نہیں دیا جا رہا‘‘۔

XS
SM
MD
LG