رسائی کے لنکس

پاکستان: پیغمبر اسلام کے خاکوں کی نمائش کے خلاف مذمتی قرار داد منظور


تاہم قرارداد میں مسلمانوں سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ اس اقدام پر وہ کسی صورت مشتعل نا ہوں۔

پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ نے بدھ کو ایک قرار داد منظور کی جس میں امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں حال ہی میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی نمائش کے انعقاد کی مذمت کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیئے جو مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بنیں۔

تاہم قرارداد میں مسلمانوں سے یہ اپیل بھی کی گئی کہ اس اقدام پر وہ کسی صورت مشتعل نا ہوں۔

پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر راجہ ظفر الحق نے سینیٹ اجلاس کے بعد وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ہر ایسے کام سے اجتناب کرنا چاہیئے جو کسی کی دل آزاری کا سبب بنے۔

’’ہم نے بھی کہا کہ اگر اس (اقدام) کا مقصد مسلمانوں کو اشتعال دلانا ہی ہے تو اُس میں نہیں آنا چاہیئے، بلکہ تہذیب کے دائرے کے اندر اپنے ردعمل کا اظہار کرنا چاہیئے۔‘‘

اُدھر منگل کو پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے مرکزی شہر پشاور میں ایک سخت گیر مذہبی شخصیت پیر محمد چشتی نے ٹیکساس میں خاکوں کی نمائش پر حملہ کرنے والے دو افراد نادر صوفی اور اُس کے ساتھی ایلٹن سمسن کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔

اس غائبانہ نماز جنازہ میں چند درجن افراد نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ پیر محمد چشتی نے ہی رواں سال کے اوائل میں فرانس کے جریدے ’شارلی ایبڈو‘ پر حملے میں ملوث دو بھائیوں

سعید کوشی اور شریف کوشی کی غائبانہ نماز جنازہ بھی پڑھائی تھی۔

ٹیکساس کے علاقے ڈیلس میں پیغمبر اسلام کے خاکوں کی نمائش پر فائرنگ میں ملوث دو حملہ آوروں میں سے ایک نادر صوفی کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ اُس کا لڑکپن پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں گزرا۔

اسلام آباد جہاں نادر صوفی نے تعلیم حاصل کی اُس کے اسکول کے دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ اسکول میں مقبول بچہ تھا لیکن امریکہ میں اس کی زندگی شاید تلخ رہی ہو۔

XS
SM
MD
LG