رسائی کے لنکس

سموگ کے بجلی کی ترسیل پر اثرات، پاکستانی ٹیم چین روانہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے مختلف علاقے ان دنوں دھند کے ساتھ ساتھ آلودہ دھند (سموگ) کی لپیٹ میں ہیں جس سے ایک طرف جہاں لوگوں کی معمول کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے تو وہیں بجلی کی فراہمی میں بھی یہ آلودہ دھند تعطل کا باعث بن رہی ہے۔

بجلی پیدا کرنے والے اور تقسیم کار اداروں کے مطابق سموگ سے متاثرہ علاقوں سے گرزنے والی ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن متاثر ہوتی ہے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر ماہرین کی ایک ٹیم چین روانہ کی گئی ہے جو سموگ کے دوران بجلی کی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے بیجنگ کی طرف سے کیے گئے اقدام کی براہ راست معلومات حاصل کرے گی۔

وزارت کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس سلسلے میں ہونے والے ایک اجلاس میں حکام نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ ملتان، لاہور اور حیدرآباد ریجن میں پہلی مرتبہ غیر معمولی آلودہ دھند کا سامنا ہے۔

ان کے بقول سموگ میں شامل صنعتی اخراج، کاربن مونو، اوزون اور نائیٹروجن آکسائیڈ کے اجزا جب رات کو نمی میں شامل ہوتے ہیں تو اس وقت ہائی وولٹیج کے باعث ان علاقوں میں فضا میں حدت پیدا ہوتی ہے جس کے نتیجے میں تاروں کو نقصان پہنچنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ چونکہ ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کر دیا گیا ہے اور وافر مقدار میں بجلی دستیاب بھی ہے لہذا اس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جائے۔

محکمہ موسمیات آئندہ کئی روز تک دھند اور سموگ کی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہہ چکا ہے کہ فی الوقت بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG