رسائی کے لنکس

سم سم ہمارا …


سم سم ہمارا …
سم سم ہمارا …

پاکستان کے رفیع پیر تھیٹر گروپ نے امریکہ کی سیسمی ورکشاپ کے اشتراک سے سم سم ہمارا کے عنوان سے ایک سو تیس پروگرام تیار کر لیے ہیں جو پاکستان ٹیلی ویژن پر اگلے ماہ کی دس تاریخ سے نشر ہونا شروع ہو جائیں گے ان میں سے اٹھتر پروگرام اُردو میں ہیں جب کے باون پروگرام علاقائی زبانوں میں ہیں۔

لاہور میں ان پروگراموں کی تکمیل پر منعقد ہونے والی تقریب میں حصے لینے، بچوں کی تعلیم و تربیت کے معروف امریکی ادارے سیسمی ورکشاپ کی اعلٰی عہدیدار ڈاکٹر شارلٹ کول خاص طور پر امریکہ سے پاکستان آئیں تھیں۔ انھوں نے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سیسمی ورکشاپ کا ادارہ دنیا بھر کے بہت سے ملکوں میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے پروگراموں میں مدد کر رہا ہے اور اب پاکستان بھی ان ملکوں میں شامل ہو گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ پاکستانی بچوں کے لیے ہے اور ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم تمام بچوں کو موقع فراہم کریں کہ اپنی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کر سکیں۔ اس کا ایک طریقہ ہے کہ ایسا مواد فراہم کر دیا جائے جو بچوں کی روزمرہ زندگی سے زیادہ سے زیادہ مطابقت رکھتا ہو۔

ڈاکٹر کول نے کہا کہ رفیع پیر تھیٹر ورکشاپ نے سم سم ہمارا پروگرام میں مقامی کردار تخلیق کر کے ایک کارنامہ انجام دیا ہے۔ پاکستان میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے ایک تین سالہ پروگرام کے لیے بین الاقوامی امداد کا ایک امریکی ادارہ یوایس ایڈ پاکستان کو ایک ارب ستر کروڑ روپے کی امداد فراہم کر رہا ہے۔

لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل بھی اس تقریب میں موجود تھیں ان کا کہنا تھا کہ یہ پراجیکٹ امریکی عوام کا پاکستانی عوام کےلیے ایک تحفہ ہے۔ اس پراجیکٹ کے تحت ایک سو تیس ٹی وی پروگرام ہوں گے اور اس کے ساتھ ہی ساتھ ایک سو تیس ریڈیو پروگرام بھی ہوں گے۔ چھ سو پتلی تماشے اور چھ سو موبائل ویڈیو شوز ہوں گے اور ان سب کے علاوہ ایک ویب سائٹ بھی شروع کی گئی ہے جو اس پراجیکٹ سے متعلق معلومات فراہم کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG