رسائی کے لنکس

سندھ: باراتیوں کی بس کو حادثہ، کم ازکم 10 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ اسپتال منتقل کیے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں باراتیوں سے بھری ایک بس میں آتشزدگی سے کم ازکم 10 افراد ہلاک اور 40 کے لگ بھگ زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ اتوار کی صبح ضلع دادو کے علاقے خیرپورناتھن شاہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں بس پر بجلی کی ہائی وولٹیج کی تار آگری جس سے بس میں آگ بھڑک اٹھی۔

مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جب کہ اسپتال منتقل کیے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بس پر سوار افراد دلہن بیاہ کر واپس آرہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ دلہا اور دلہن دوسری گاڑی میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے جب کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان میں سڑک کے حادثات کوئی غیر معمولی واقعہ نہیں لیکن بجلی کی تار سے الجھ کر پیش آنے والے اس حادثے کو باعث تشویش قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ بہت سے سڑکوں پر سے بجلی کے ہائی وولٹیج تار گزرتے ہیں۔

وزیراعظم نے ایسے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

رواں سال کے اوائل میں نیشنل ہائی وے پر ایک بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے باعث مسافر گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے کم ازکم 62 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG