رسائی کے لنکس

پانچواں ون ڈے: سنسنی خیز مقابلہ، سری لنکا کی جیت


سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔

پاکستان کے ساتھ پانچ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ سری لنکا نے 2وکٹس سے جیت لیا ہے۔ پاکستان نے جمعرات کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لئے 233 رنز کا ہدف دیا تھا جسے سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیت لیا۔

سری لنکا کی جانب سے سب سے کامیاب بٹسمین پریرا رہے جو 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انہیں محمد حفیظ نے ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ دلشان نے 45 رنز اسکور کئے۔ انہیں جنید خان نے سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

کمارا سنگاکارا نے اپنی ٹیم کے مجموعی اسکور میں 22 رنز کا اضافہ کیا۔ انہیں جنید خان نے بولڈ کیا۔ سنگاکارا کے بعد سری لنکن ٹیم کے پلیئرز ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ پری یانجن صرف ایک رن ،میتھیوز 8، ویتھانگے 14، سینان تین اور ملنگا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکن بیٹسمین کے خلاف پاکستان نے اپنے چھ بالرز میدان میں اتارے تھے۔ ان میں جنید خان نے تین، سعید اجمل نے دو اور چار بالرز نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

پاکستان کو آج کے میچ سے مجموعی طور پر کوئی نقصان نہیں ہوا کیوں کہ پانچ میچوں کی سیریزمیں سے وہ پہلے ہی تین میچ جیت چکا تھا۔ مصباح الحق کی قیادت میں رواں سال پاکستان ساتویں ون ڈے سیریز جیتا ہے۔ یہ سیریز آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ ، زمبابوے ، بھارت، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے خلاف کھیلی گئیں۔

سری لنکا کے ساتھ جمعہ کو ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے بعد اب 31 دسمبر سے 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔







XS
SM
MD
LG