رسائی کے لنکس

کنگسٹن ٹیسٹ میں فواد عالم کی سینچری، پاکستان کی سیریز بچانے کی کوشش


فواد عالم نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور 124 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
فواد عالم نے پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور 124 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے 302 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں پر 212 رنز بنائے تھے جب کہ بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل نہیں ہو سکا تھا۔

اتوار کو کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ ایسے میں فواد عالم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے بالروں کے سامنے ڈٹ گئے۔

فواد عالم نے 17 چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ بھی رہے۔

تیسرے روز کے کھیل نے نہ صرف کنگسٹن ٹیسٹ کو فیصلہ کن نتیجے کی جانب گامزن کر دیا ہے بلکہ پاکستان کے لیے سیریز بچانے کی امید بھی روشن ہو گئی ہے۔

پہلی اننگز میں مہمان ٹیم نے نو وکٹوں پر 302 رنز بنائے تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔

میزبان ویسٹ انڈیز کے تین بلے باز تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پویلین لوٹ چکے ہیں۔
میزبان ویسٹ انڈیز کے تین بلے باز تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پویلین لوٹ چکے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے تین تین جب کہ جیسن ہولڈر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو چوتھے ہی اوور میں کیرون پاویل شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔ انہوں نے پانچ رنز کی اننگز کھیلی۔ جس کے بعد کپتان کریگ بریتھ وٹ بھی چار اور روسٹن چیز 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG