رسائی کے لنکس

'خراب موسم'؛ پی ایس ایل فائنل اتوار کے بجائے ہفتے کو کرانے کا اعلان


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن آٹھ کے فائنل کا دن تبدیل کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے پی ایس ایل کا فائنل 19 کے بجائے اب 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فائنل کے دن کی تبدیلی کا فیصلہ لاہور کے خراب موسم کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

اس سے قبل پی ایس ایل سیزن آٹھ کا فائنل اتوار 19 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا۔

تاہم پی سی بی نے اس فائنل کو ہفتہ 18 اپریل کو ری شیڈول کرتے ہوئے اتوار اور پیر کے دن کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل آٹھ ہمارا شاندار ایونٹ ہے۔ ٹیمیں پورے سال نہ صرف فائنل بلکہ ٹرافی اٹھانے کا ہدف رکھتی ہیں اور اپنی تیاری کرتی ہیں۔ اسی طرح کرکٹ شائقین بھی اپنی پسندیدہ ٹیم کو چیمپئن بنتے ہوئے دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔

ان کے بقول پی ایس ایل آٹھ کے فائنل میں بارش کا امکان ہے اور فرنچائزز پریشان ہیں کہ کہیں فائنل میں خلل نہ پڑے۔ لہٰذا صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے فائنل کو ری شیڈل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فائنل کے لیے خریدے گئے ٹکٹس میچ کے ری شیڈول ہونے پر بھی قابل قبول رہیں گے۔

خیال رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم پہلے پلے آف میں لاہور قلندرز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG