رسائی کے لنکس

اسلام آباد سے ’نو مشتبہ شدت پسند‘ گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کی طرف سے فوری طور پر اس کارروائی کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی اور نا ہی حراست میں لیے جانے والے شدت پسندوں کی شناخت سے متعلق کچھ بتایا گیا۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایک رہائشی علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر وہاں سے نو مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو یہ کارروائی سکیٹر جی ٹین میں کی گئی جہاں یہ شدت پسند ایک مسجد میں چھپے ہوئے تھے۔

پولیس کی طرف سے فوری طور پر اس کارروائی کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی اور نا ہی حراست میں لیے جانے والے شدت پسندوں کی شناخت سے متعلق کچھ بتایا گیا۔

قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن ’ضرب عضب‘ کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔

جب کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس کے دستوں کو مشترکہ گشت کی ذمہ داری بھی سونپی گئی تھی۔ اس سے قبل بھی اسلام آباد کے کئی مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار حالیہ ہفتوں میں ایک سے زائد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ اسلام آباد میں متعدد دہشت گرد داخل ہو چکے ہیں جو کہ حملہ کر سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسی انٹیلی جنس معلومات بھی ملی ہیں کہ شدت پسند اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے مقام پر بھی حملہ کر سکتے ہیں۔ جس کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب سے اسلام آباد میں دھرنے جاری ہیں ملک کے کئی دیگر علاقوں سے ہزاروں پولیس اہلکاروں کو وفاقی دارالحکومت میں تعینات کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG