رسائی کے لنکس

محمد عامر کی قومی ٹیم میں جگہ یقینی نہیں: وقار یونس


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ دورۂ انگلینڈ میں فاسٹ بالر محمد عامر کی قومی ٹیم میں جگہ یقینی نہیں ہے۔ اُنہیں انگلینڈ کے خلاف کارکردگی معیار کے مطابق ہونے پر ہی کھلایا جائے گا۔

محمد عامر نے اپنے بچے کی متوقع ولادت کے باعث دورۂ انگلینڈ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن پاکستان ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے محمد عامر کو انگلینڈ طلب کیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف محمد عامر ایکشن میں دکھائی دیں گے یا نہیں؟ یہ معاملہ موضوعِ بحث ہی تھا کہ بالنگ کوچ وقار یونس نے بدھ کو اس پر کھل کر بات کی۔

وقار یونس نے میڈیا نمائندوں سے آن لائن گفتگو کے دوران کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ​قومی ٹیم کا ہر کھلاڑی ناگزیر ہے۔ محمد عامر تجربہ کار بالر ہیں اس لیے اُنہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بلایا گیا ہے۔

وقار یونس کے بقول محمد عامر وائٹ بال کرکٹ کا ہمیشہ سے حصہ رہے ہیں۔ اگر عامر کی کارکردگی بہتر ہوئی تو اُنہیں ٹیم میں کھلایا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ محمد عامر نے گزشتہ برس ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

اس تناظر میں دیکھیں تو عامر 11 رکنی ٹیم کا حصہ ہونے کی صورت میں انگلینڈ کے خلاف صرف تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہی کھیل سکیں گے۔

وقار یونس نے عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر اس وقت ٹیم انتظامیہ نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا لیکن اُن کے لیے دروازے کبھی بند کیے۔

بالنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ایسا نہیں جو نظر انداز کیا جائے۔ ان کے بقول وہ سمجھتے ہیں کہ یہ تاثر درست نہیں کہ کسی ایک کھلاڑی کی وجہ سے ٹیم چل نہیں سکتی۔

چوں کہ محمد عامر انگلینڈ کے خلاف صرف ٹی 20 میچز ہی کھیل سکیں گے اس لیے وہ ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں پاکستان کے پاس فاسٹ بالنگ کے شعبے میں وہاب ریاض، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان اور عثمان شنواری ہیں۔

پاکستان ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی کمر میں انجری کے باعث پہلے ہی اس دورے میں شامل نہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ ماہ سے تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے قومی ٹیم پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔ دونوں ٹیمیں پانچ اگست کو اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG