رسائی کے لنکس

کابل میں پاکستانی سفارت خانے کا ویزا سیکشن مکمل طور پر فعال


کابل میں پاکستان کے سفارت خانے کی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو
کابل میں پاکستان کے سفارت خانے کی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے ویزا سیکشن کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے نے ایک ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ سفارت خانے میں اتوار 29 دسمبر سے قونصلر سروس بحال کر دی جائیں گی۔

یادر رہے کہ اسلام آباد نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چار نومبر کو کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے کے ویزا سیکشن کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یہ فیصلہ اسلام آباد کی طرف سے کابل میں تعینات پاکستانی سفارتی عملے کو کابل میں مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے واقعات کے بعد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں علاج و معالجے کے لیے پاکستان آنے والے افغان شہریوں کو سفارت خانے نے ویزا اجرا کا عمل شروع کر دیا تھا۔ تاہم ایک بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا جو کاروبار یا تعلیم کے لیے پاکستان آنے کے خواہاں تھے۔

پاکستان کے کابل میں واقع سفارت خانے کے ویزا سیکشن کو مکمل طور پر فعال کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پشاور میں واقع افغان قونصل خانہ دو ماہ سے زائد عرصہ بند رہنے کے جمعے کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

یہ قونصل خانہ پشاور میں واقع ایک مارکیٹ کی ملکیت کے تنازع کی وجہ سے رواں سال اکتوبر میں بند کر دیا گیا تھا۔

کابل میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ویزا سیکشن مکمل فعال کرنے کا اقدام اسلام آباد اور کابل میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بعد سامنے آیا ہے۔

پشاور میں واقع افغان قونصل خانے کے قونصل جنرل محمد ہاشم خان نیازی نے حال ہی میں وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ افغان قونصل خانے کو کھولنے کا فیصلہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلیٰ سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا جبکہ پشاور میں واقع تجارتی مارکیٹ کی ملکیت کے تنازع کو مشترکہ کمیشن کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق یومیہ دو ہزار افغان شہری ویزے کے حصول کے کابل میں پاکستان کے سفارت خانے سے رجوع کرتے ہیں جن میں زیادہ تر افراد علاج، کاروبار اور تعلیم کی غرض سے پاکستان آتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG