رسائی کے لنکس

پاکستان ٹی20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سری لنکا کے خلاف سیریز کلین سوئپ کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 124 ہوگئی تھی جب کہ بھارت سے ہارنے کے بعد نیوزی لینڈ کے 121 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

پہلے ٹی 20 میں بھارت کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد پاکستان ٹیم ٹی20 رینکنگ میں پہلی مرتبہ نمبر ون پوزیشن پر آگئی ہے۔

بھارت نے جمعرات کو نئی دہلی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پہلے ٹی 20میچ میں 53رنزسے شکست دی تھی جو اس فارمیٹ میں بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی جیت ہے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے۔ جواب میں مہمان ٹیم آٹھ وکٹیں گنوا کر صرف 149 رنز بناسکی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک چھ ٹی 20 میچ کھیلے جاچکے ہیں جن میں نیوزی لینڈ نے پانچ میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی کامیابی بھارت کے لیے تو اہم ہے ہی، لیکن اس جیت کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو پہنچا ہے اور وہ ایک درجہ بہتری کے بعد ٹی20 کی عالمی رینکنگ میں پہلی مرتبہ ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔

اس میچ سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 125 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر تھی لیکن بھارت سے ہارنے کے بعد اب اس کے 121 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کلین سوئپ کے بعد پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 124 ہوگئی تھی۔

نئی آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کے مطابق ویسٹ انڈیز تیسرے، انگلینڈ چوتھے، بھارت پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، سری لنکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔

بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے واحد بیٹسمین بابر اعظم ہیں جو رینکنگ میں نویں نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے آرون فنچ دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے ایوین لوئس تیسرے نمبر پر ہیں۔

بولنگ میں بھارت کے جسپریت بومرہ کی پہلی، پاکستان کے عماد وسیم کی دوسری اور افغانستان کے راشد خان کی تیسری پوزیشن ہے۔

پاکستان کے شعیب ملک آل راؤنڈرز میں نویں نمبر پر ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG