رسائی کے لنکس

پاکستان میں نامساعد حالات کے باوجود امریکی سرمایہ کاری پائیدار


پاکستان کو درپیش سلامتی کے مسائل اور اقتصادی چیلنجوں کے باوجود بھی امریکہ ملک میں پائیدار بنیادوں پر طویل المعیاد سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔

سلیم مانڈویوالہ
سلیم مانڈویوالہ

یہ بات وزیرمملکت اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئر مین سلیم مانڈویوالہ نے وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں ایک ایسے وقت پر کہی جب پاکستانی سرمایہ کاروں کا ایک وفد نجی سطح پر سرمایہ کاری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت کے لیے امریکہ میں ہے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران ملکی اور غیر ملکی حالات کے تناظر میں اگرچہ سرمایہ کاری میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن امریکہ اب بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو خاص طور پرتوانائی اور تیل کی تلاش کے شعبوں میں یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ گذشتہ ڈیڑھ سالوں کے دوران اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور بورڈ آف انوسٹمنٹ کے اشتراک عمل سے نجی شعبے کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہوچکے ہیں جس کے اب تک کے نتائج سلیم مانڈویوالہ کے مطابق یہ ہیں کہ رچمنڈ پاور سمیت تین سے چار امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے پاکستان میں لایا گیا ہے اور بجلی کے شعبے میں بھی مفاہمت کی ایک اہم یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھ اکہ ان کی زیر قیادت ماضی میں ہونے والے مذاکرات کے تین ادوار میں حکومت امریکہ کی جانب سے پاکستان کی سرکاری اور نجی کمپنیوں کو یہ موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ امریکہ میں سرمایہ کاروں سے میل ملاپ کرکے ان کی مالی اور تکنیکی معاونت حاصل کریں اوراپنے ملک میں مشترکہ منصوبے شروع کریں۔

ایک سوال کے جواب میں سلیم مانڈویوالہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کا مجوزہ معاہدے واشنگٹن کی طرف سے بعض امور نمٹائے جانے کے بعد ضرور طے پاجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی طور پر جن غیر معمولی چیلنجوں کے سامنا ہے اس کے باوجود بھی امریکہ سمیت دوسرے ممالک سے سرمایہ کاری میں تسلسل ایک حوصلہ افزا امر ہے۔

واضح رہے کہ سرمایہ کاری بورڈ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ مالی سال کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 44.7فیصد کمی ہوئی ہے جس میں نجکاری کی مد میں حاصل ہونے والے سرمائے کی کمی بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG